کراچی: اداکار منیب بٹ اور مومنہ مستحسن نے بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کو ان کے پاکستان اور مسلمانوں سے متعلق توہین آمیز ریمارکس دینے پر کھری کھری سنائی ہیں۔
بالی ووڈ کی تنگ نظر اداکارہ کنگنا رناوت کا شمار بھارت کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو اپنے کام کی وجہ سے نہیں بلکہ متنازع بیانات دینے کی وجہ سے خبروں میں زیادہ رہتی ہیں۔ کبھی وہ نیپوٹزم کو لے کر بھارتی پروڈیوسروں اور فنکاروں کے پیچھے پڑجاتی ہیں اورکبھی پاکستان کے خلاف بیانات دے کر۔
کنگنا رناوت کا سب سے پسندیدہ موضوع پاکستان اور مسلم مخالف بیان دینا ہے اور شاید وہ جانتی ہیں کہ پاکستان کے خلاف بیان دینے سے انہیں جو سستی شہرت ملے گی وہ شاید کسی اور موضوع پر بات کرنے سے نہیں ملے گی۔ لہذا انہوں نے ایک بار پھر بھارتی مسئلے میں بلاوجہ پاکستان اور مسلمانوں کو شامل کرکے ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان اور مسلمانوں کے کس قدر مخالف ہیں۔
روہت جیسوال نامی شخص نے یہ ٹوئٹ کرکے بتادیا کہ اس کے دل میں مسلمانوں کے خلاف کتنی نفرت ہے تاہم کنگنا رناوت تو اس شخص سے بھی دو ہاتھ آگے چلی گئیں انہوں نے اس ٹوئٹ کے لیے روہت جیسوال کی تعریف کی اور ایک بھارتی مسئلے میں بلاوجہ پاکستان اور مسلمانوں کے مقدس مقام کو درمیان میں لاتے ہوئے کہا کیا یہ گرو کو مولوی سے اور کیلاش اسکینڈل کو ’’مکہ اسکینڈل‘‘سے تبدیل کرسکتے ہیں۔