لاہور: سیشن عدالت نے مسجد میں ویڈیو ریکارڈنگ معاملے پراداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
لاہور کی سیشن عدالت میں صباقمر اور بلال سعید کے خلاف لاہور کی تاریخی وزیر خان مسجد میں میوزک ویڈیو کی ریکارڈنگ کے معاملے پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج وسیم اختر نے صبا قمر اور بلال سعید کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ مدعی وکیل فرحت منظور چانڈیو ملزموں کی ضمانت کی درخواست پر مخالفت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے صبا قمر اور بلال سعید کی گرفتاری روک دی۔ اس کے علاوہ دونوں فنکاروں کو پچاس پچاس ہزار کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے صبا قمر اور بلال سعید کی 25 اگست تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔