صدر پاکستان عارف علوی نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی 184 ملکی اورغیر ملکی شخصیات کو پاکستان کے اعلیٰ سول ایوارڈز دینے کا اعلان کردیا۔
ایوارڈز کے لیے نامزد 184 شخصیات کو آئندہ سال 23 مارچ کو یوم پاکستان پر ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔
ایوارڈز کے لیے منتخب کی گئی شخصیات میں انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی غیر ملکی شخصیات بھی شامل ہیں۔
در پاکستان نے جہاں غیر ملکی شخصیات کو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا ہے، وہیں صدر مملکت نے میوزک، اداکاری، ادب اور دیگر فنون لطیفہ کے شعبہ جات سے بھی متعدد شخصیات کو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا ہے۔
صدر مملکت نے نشان امتیاز ایوارڈ کے لیے معروف مصور مرحوم صادقین نقوی، پروفیسر شاکر علی، مرحوم ظہور الحق، لیجنڈ صوفی گلوکارہ عابدہ پروین، ڈاکٹر جمیل جالبی، مرحوم محمد جمیل خان اور مرحوم شاعر احمد فراز کو منتخب کیا ہے۔