انقرہ:اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کیساتھ صہیونیوں کا روّیہ ناقابل قبول ہے۔ ترک وزیر خارجہ کے مطابق عرب امارات نے اپنے مفاد کے لیے فلسطینیوں کو دھوکہ دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان ایک معاہدہ ہوا جس کے بعد متحدہ عرب امارات باضابطہ طور پر اسرائیل کو تسلیم کر لیا ہے، یو اے ای تیسرا مسلم ملک ہے جس نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے، اس سے قبل اُردن اور مصر بھی اسرائیل کو تسلیم کر چکے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تعاون سے ہونے والی ڈیل کے بعد دونوں ممالک نے تجارت سمیت ہر شعبے میں آگے بڑھنے کا اعلان کیا تو اسی طرف ایران اور فلسطینی قیادت سمیت حماس نے بھی شدید رد عمل دیا تھا۔
ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ یہ شرمناک اقدام ہے جبکہ فلسطینیوں کا کہنا تھا کہ ہمارا پیٹھ پر چھرا گھونپا گیا ہے۔
معاہدہ ہونے کے باوجود اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے معاہدے کے ایک روز بعد کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے باوجود مقبوضہ مغربی کنارے کے الحاق میں تاخیر پر راضی ہو گئے ہیں لیکن منصوبہ ابھی بھی زیر غور ہے۔