انجن التان کے پاکستانی الیکشن میں حصہ لینے کے سوال پر جواب نے سب کے دل جیت لیے

269

لاہور:ترک گیمز آف تھرونز کہلائے جانے والے ڈرامے’’ارطغرل غازی‘‘ کے ہیرو انجن التان نے پاکستانی الیکشن میں حصہ لینے کے سوال پر انتہائی دلچسپ اور خوبصورت جواب دیکر سب کے دل جیت لیے۔

کچھ روز قبل انجن التان کی پاکستان میں بے تحاشہ مقبولیت کے پیش نظر پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی سے ان کا انٹرویو نشر کیا گیا جس میں میزبان نے ان سے نہایت دلچسپ سوال پوچھا کہ ارطغرل کے کردار کو پاکستان میں بہت زیادہ پسند کیاجاتا ہے لہذا اگر آپ بطور ارطغرل پاکستانی الیکشن میں حصہ لیں تو زبردست کامیابی حاصل کرسکتے ہیں اس بارے میں آپ کیا کہتے ہیں؟

 

اس سوال پر پہلے تو انجن التان مسکرا دیئے اور پھر کہا کہ اتنی پسندیدگی کا شکریہ۔ یہ آپ لوگوں کی ذرہ نوازی ہے، میں آپ سب کا بے حد مشکور ہوں۔ مجھے پاکستان سے بہت محبت ملی ہے، اتنی محبت ملنے اور چاہے جانے پر یقیناً بہت اچھا محسوس ہوتا ہے۔

انجن التان نے کہا کہ پاکستان ہمارا بھائی اور دوست ملک ہے، ہم نے بچپن پاکستان کے ساتھ اپنی محبت کے جذبات کے اظہار میں گزارا ہے۔