نیویارک: ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیجنڈری ریسلر ’کامالا ہیرس‘ 70 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کامالا کی موت کی تصدیق کردی، مشہور سابق ریسلر کا اصل نام ’جیمس ہیرس‘ تھا لیکن وہ اپنے خاص روپ کی وجہ سے ’کامالا‘ کے نام سے جانے جاتے تھے، چہرے پر پینٹنگ ان کی پہچان تھی۔
رپورٹ کے مطابق لیجنڈ کھلاڑی حالیہ چند سالوں سے علالت کی زندگی گزار رہے تھے، ذیابیطس کے باعث وہ اپنی دونوں ٹانگوں سے بھی محروم ہوگئے تھے۔ سابق ریسلر کی موت کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔
دیگر ریسلرز نے کامالا کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنا قیمتی اثاثہ کھو دیا۔ کھلاڑی نے اپنے کیریئر کے دوران کئی ٹائٹلز اپنے نام کیے، ہوگن اور انڈرٹیکر جیسے بڑے ریسلر سے بھی مقابلہ کیا۔