سعودی عرب کے محکمہ شماریات نے نوجوانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ مملکت کی تقریبا 67 فیصد آبادی کم عمر افراد اور نوجوانوں پر مشتمل ہے۔
محکمہ شماریات کی جانب سے 12 اگست کو منائے جانے والے نوجوانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری کی گئی ’نوجوان اعداد و شمار’ نامی رپورٹ کے مطابق مملکت کی زیادہ تر نوجوان آبادی غیر شادی شدہ بھی ہے۔
رپورٹ میں 15 سے 34 سال کے نوجوانوں کے مرد و خواتین کے گروپوں کا شادی، صحت اور جسمانی ورزشوں سمیت دیگر شعبوں میں موازنہ کرکے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔
سعودی گزٹ کے مطابق رپورٹ میں گزشتہ پانچ سال کے دوران ٹریفک حادثات میں ہلاک ہونے والے نوجوانوں کے اعداد و شمار بھی دیے گئے ہیں۔
جب کہ رپورٹ میں سعودی عرب کے مرد و خواتین نوجوانوں میں شرح اموات اور شرح پیدائش کا جائزہ بھی پیش کیا گیا ہے۔
رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ 2018 تک سعودی عرب کی 30 سے 34 سال کی عمر کی خواتین میں بچے پیدا کرنے کی صلاحیت عالمی سطح پر سب سے زیادہ تھی اور ہر ایک ہزار سعودی خواتین میں سے 124 خواتین میں ماں بننے کی صلاحیت تھی۔