بیروت: لبنان میں بیروت کے قیامت خیز دھماکے کے بعد مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہریوں کے ساتھ تصادم میں 238 مظاہرین زخمی ہوچکے ہیں جب کہ ایک پولیس اہل کار کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے اور دوسری جانب لبنانی وزیر اعظم نے قبل از وقت انتخابات کا اعلان کردیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بیروت میں ہونے والے ہولناک دھماکے کے بعد پھیلنے والی تباہی پر حکومت کی جوابدہی اور انصاف طلب کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں۔ مظاہرین لبنان کے مرکزی بینک میں جعع ہوگئے اور انہوں ںے پارلیمنٹ کی جانب پیش قدمی کرنے کی کوشش کی۔
مظاہروں کے دوران سیکیورٹی اہل کاروں اور مظاہرین کے مابین تصادم کے نتیجے میں 238 افراد زخمی ہوچکے ہیں جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتالوں میں منتقل کیا جاچکا ہے جب کہ پولیس 19 افراد کو حراست میں لے چکی ہے۔ لبنانی پولیس نے مظاہرین سے تصادم کے دوران ایک اہل کار کے ہلاک ہونے کی تصدیق بھی کی ہے۔