کرونا وائرس: بھارت میں ایک دن میں ریکارڈ 64 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

239

نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس کے ایک دن میں ریکارڈ 64 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوگئے، وائرس سے اب تک 43 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھارت میں کرونا وائرس کے 64 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کرونا متاثرین کی مجموعی تعداد 21 لاکھ 56 ہزار 756 ہوگئی ہے۔

یکم اگست کو بھارت میں 57 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے تھے جبکہ صرف جولائی میں 11 لاکھ سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی تھی۔

اب تک پورے ملک میں وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 43 ہزار 498 ہوچکی ہے، جبکہ 14 لاکھ سے زائد افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

بھارت اس وقت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرین کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے۔

بھارت کی وزارت سول ایوی ایشن نے بین الااقوامی پروازوں کی معطلی میں 31 اگست تک توسیع کر دی ہے تاہم امریکا، یورپ اور مشرق وسطیٰ میں پھنسے بھارتی باشندوں کو واپس لانے والی پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔

ملک بھر میں انڈر گراؤنڈ ریلوے اسٹیشنز، سنیما ہالز، سوئمنگ پولز، پارکس، بارز، تھیٹرز اور دیگر عوامی مقامات بھی 31 اگست تک بند ہیں۔

بھارتی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران 6 لاکھ 40 ہزار سے زائد ٹیسٹس کیے جا رہے ہیں۔