دو ماہ قبل جون میں خودکشی کرنے والے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے والد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے پاس یہ ثابت کرنے لیے کافی مواد موجود ہے کہ گزشتہ ایک برس میں اداکارہ ریا چکربورتی کے اقدامات ان کے بیٹے کی موت کی وجہ بنے۔
خیال رہے کہ سشانت سنگھ نے 14 جون کو خودکشی تھی جس کے بعد ان کی موت سے جڑی وجوہات کا معاملہ ہر گزرتے دن کے ساتھ پیچیدہ ہوتا چلا جارہا ہے جس کی تحقیقات اب بھارت کی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن(سی بی آئی) کررہی ہے۔
بھارتی سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے بیان حلفی میں سشانت کے والد کے کے سنگھ نے کہا کہ عدالت عظمیٰ میں اداکارہ ریا چکر بورتی کی جانب سے اپنے خلاف مقدمہ پٹنہ سے ممبئی منتقل کرنے کی درخواست کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ یہ معاملہ اب سی بی آئی دیکھ رہی ہے۔
سشانت سنگھ کے والد نے کہا کہ ابتدائی اطلاعی رپورٹ (ایف آئی آر) کے دائرہ اختیار کا سوال ٹرائل کے مرحلے میں آتا ہے اس وقت نہیں جب کیس تحقیقاتی مرحلے میں ہو۔