قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ مانچسٹر میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے ابتدائی دو دنوں میں پاکستان کے بیٹسمینوں اور بالروں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے روز بابر اعظم نے متاثر کیا تو دوسرے روز شان مسعود نے غیر معمولی اننگز کھیلی اور ایک بڑی سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے۔
شان مسعود انگلینڈ کی سر زمین پر وہ 24 برسوں کے بعد سنچری بنانے والے پاکستانی اوپنر بنے، پھر دوسرے روز کھیل کے آخری سیشن میں جس طرح بالروں نے انگلش بیٹسمینوں کو تگنی کا ناچ نچایا وہ سب کے سامنے ہے۔
لیکن ان سب کے باوجود تذکرہ ہو رہا ہے کہ سابق کپتان سرفراز احمد کو گراونڈ میں پانی اور جوتے دیکر بجھوانے کا، سوشل میڈیا پر ایک طوفان اٹھ کھڑا ہوا ہر کوئی اپنے اپنے انداز میں اس کو بیان کر رہا ہے، کسی نے کھیل کا حصہ قرار دیا تو کسی نے کہا کہ سابق کپتان کی بے قدری کی گئی ہے اور سنئیر کھلاڑی ہونے کے ناطے انہیں عزت نہیں دی گئی۔