امریکی ادکارہ ایلسا میلانو کے 3 کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد کورونا اینٹی باڈیز ٹیسٹ مثبت آگیا۔
دنیا بھر میں می ٹو مہم کا آغاز کرنے والی امریکی اداکارہ ایلسا میلانو نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر آکسیجن ماسک کے ہمراہ اپنی ایک تصویر شیئر کی اور کورونا ٹیسٹنگ کے نظام کو ناقص قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس اور اینٹی باڈیز کے مجموعی طور پر 3 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد اب میرا کورونا وائرس اینٹی باڈیز کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 2 اپریل کو دو ہفتے تک شدید بیمار رہنے کے بعد یہ میں ہوں، اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ مجھے سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، سونگھنے کی حس ختم ہوگئی تھی، سینے پر بوجھ تھا، بخار بھی کم نہیں ہورہا تھا اور سر میں بھی درد رہتا تھا، یہاں تک کہ مجھ میں کورونا وائرس کی ہر علامت موجود تھی لیکن اس کے باوجود میرے کورونا وائرس کے ٹیسٹ منفی آئے۔
ادکارہ نے مزید لکھا کہ میں آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ ہمارا ٹیسٹنگ سسٹم بہت ناقص ہے اور ہمیں کورونا وائرس کے اصل مریضوں کی تعداد کا نہیں پتہ، لہذا تمام لوگ احتیاط برتیں اور ہاتھ صابن سے دھوئیں، فاصلہ برقرار رکھیں، کیوں کہ میں نہیں چاہتی جو میرے ساتھ ہوا وہ کسی اور کے ساتھ بھی ہو جب کہ میں ٹھیک ہونے کے بعد اپنا پلازمہ بھی عطیہ کروں گی تاکہ اس سے کسی کا فائدہ ہوسکے۔