نیویارک: کشمیریوں پر بھارتی مظالم اجاگر کرنے کیلئے ٹائمز اسکوائر پر بل بورڈز روشن

313

نیویارک کے مشہور ٹائمز اسکوائر پر مقبوضہ وادی میں بھارتی محاصرہ دوسرے سال میں داخل ہونے پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لییے بل بورڈز روشن ہوگئے۔

ٹائمز اسکوائر پر روشن بل بورڈز میں سے ایک سیاہ بیک گراؤنڈ والے پر ایک سرخ لکیر کے ساتھ سفید حروف میں ‘ کشمیریز لائیوز میٹر’ (کشمیریوں کی زندگیاں اہم ہیں) درج تھا۔

اسی طرح جب دنیا کے مصروف ترین اسکوائرز میں سے ایک اور بل بورڈ روشن ہوا جس پر ‘یوم استحصال کشمیر’ درج تھا۔

اس بل بورڈ میں 2 ہاتھ بھی احتجاج میں اٹھے دکھائی دیے جو کشمیری عوام کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کی علامت ہیں۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر اسد خان نے کہا کہ ‘ ٹائمز اسکوائر پر یہ بل بورڈز عالمی برادری کو ایک سال میں ہونے والی جبری گمشدگیوں، تشدد اور محاصرے کی یاد دلاتے ہیں جو کووڈ-19 کے بہانے مزید شدت اختیار کرگئی ہیں’۔

واضح رہے کہ 5 اگست کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی طور پر الحاق کیا تھا، متنازع علاقے کو 3 حصوں میں تقسیم کیا تھا اور ایک آبادیاتی نسلی عصبیت کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔

ٹائمز اسکوائر میں بل بورڈز کا ڈسپلے پیر کی شب شروع ہوا تھا اور ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔