ممبئی میں مون سون بارشوں کا 15 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

275

بھارتی شہر ممبئی میں مون سون کی بارشوں سے بارش کا 15 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے مختلف علاقوں میں پیر کی شب موسلا دھار بارش سے شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی جس سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ ممبئی میں 4 گھنٹوں کے دوران 198 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو 2005 سے اب تک ہونے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔

بارش کے باعث ممبئی میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے جس کے باعث لوکل ٹرینوں کی آمدروفت معطل کردی گئی ہے جب کہ ایمرجنسی سروسز کے علاوہ تمام دفاتر کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

شہر میں طوفانی بارشوں کے سبب آج اور کل کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

بارش کے باعث ایک گھر گرنے سے ماں اور دو بچے پانی میں بہہ گئے تاہم پولیس اور ریسکیو اہلکارں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں کو بچالیا۔

شہر میں بارش سے مواصلاتی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے اور 10 گھنٹے تک بجلی کی فراہم معطل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں اب تک 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے جب کہ دریا میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک تجاوز کرنے سے قریبی علاقوں کو خالی کرالیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات ممبئی نے بدھ اور جمعرات کے روز شہر میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔