عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری ہالی ووڈ کو کروڑوں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔
امریکہ سمیت دنیا بھر میں سینما گھر بند رہنے سے کئی فلموں کا بزنس حیران کن طور پر کم رہا۔ وِل اسمتھ کی ایکشن سے بھر پور فلم بیڈ بوائز فار لائف اب تک کی سب سے کامیاب فلم رہی۔
جنوری میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے دنیا بھر سے 65ارب روپے سے زائد کا بزنس کیا ہے۔ شرارتی، تیز، بلکہ بہت تیز اور اینیمیٹڈ’سونک دی ہیج ہوگ‘ پیسہ کمانے کے حوالے سے دوسرے نمبر پر رہی۔ اس اینی میٹڈ فلم نے دنیا بھر میں پچاس ارب روپے کے قریب کاروبار کیا۔
جانوروں کی بولی سمجھنے والے کی حرکتیں بھی فلم بینوں کو خوب بھائی۔ اسی لیے فلم’ڈولٹل‘ نے امریکہ سمیت دنیا بھر سے35ارب روپے کا بزنس کیا۔
ایکشن سے بھرپور فلم’برڈز آف پرے‘ اب تک کی چوتھی کامیاب ترین فلم قرار پائی ہے جس نے دنیا بھر سے تیس ارب روپے سمیٹے ہیں۔
سال کے پانچ مہینوں میں کمائی کے لحاظ سے پانچواں نمبر ہارر فلم’دی انویزبل مین‘ کا رہا۔ دی انویزبل مین نے دنیا بھر سے بیس ارب روپے تک کی کمائی کی۔