کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنوبی علاقے کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ پر آج چوتھے روز بھی قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ تیزی سے پھیلتی جا رہی ہے اور جمعے کو لگنے والی آگ پر تاحال فائر بریگیڈ کی انتھک محنت کے باوجود قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ محکمہ جنگلات نے کسی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے 8 ہزار سے زائد رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان فائر بریگیڈ نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک آگ نے جنگل کے 12 ہزار ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، پورے علاقے میں دھوئیں کے بادل چھائےہوئے ہیں جس سے لوگوں کوسانس لینےمیں دشواری پیش آ رہی ہے اور ریور سائیڈ نامی کاونٹی میں 8 ہزار رہائشیوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا گیا ہے۔
محکمہ جنگلات نے آگ سے ہونے والے نقصان سے متعلق بتایا کہ اب تک ایک گھر اور تین عمارتیں آگ کی زد میں آکر تباہ ہوگئی ہیں تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ تاحال کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ فائر بریگیڈ کا عملہ جانفشانی سے کام کر رہا ہے اور جلد آگ پر قابو پالیا جائے گا۔