رواں سال کے آغاز میں شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے والے چھوٹے برطانوی شہزادہ ہیری کو اپنے ہی دائر کیے گئے مقدمے میں کم از کم پاکستانی ڈیڑھ کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنا پڑ گیا۔
مذکورہ ہرجانہ میگھن مارکل کو برطانوی اخبار دی میل اور ان کی ذیلی ویب سائٹ دی میل آن سنڈے کے خلاف لندن کی عدالت میں دائر کیے گئے مقدمے میں ادا کرنا پڑا۔
ڈچز آف سسیکس اور سابق اداکارہ 38 سالہ میگھن مارکل نے برطانوی اخبار کے خلاف اکتوبر 2019 میں مقدمہ دائر کیا تھا۔
برطانوی شہزادی نے برطانوی اخبار پر اپنے والد کو لکھے گئے ایک خط کو غلط انداز میں شائع کرنے پر مقدمہ دائر کیا تھا۔
میگھن مارکل نے دی میل آن سنڈے پر مقدمہ دائر کرتے ہوئے اپنی قانونی درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ ویب سائٹ کی جانب سے شائع کردہ خط جعلی ہے اور یہ کہ مذکورہ خط ان کی جانب سے والد کو لکھا جانے والا خط نہیں۔
میل آن سنڈے نے جس خط کو شائع کیا تھا وہ خط دراصل 2018 میں میگھن مارکل نے اپنے والد کو لکھا تھا اور ویب سائٹ نے اسی خط کے متن کو توڑ مروڑ کرکے اور جملوں کو آگے پیچھے کرکے شائع کیا تھا۔
والد کے نام لکھے گئے خط کو غلط انداز میں شائع کرنے پر میگھن مارکل نے اکتوبر 2019 میں ڈیلی میل اور اس کی ذیلی ویب سائٹ میل آن سنڈے پر برطانیہ کے ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ 2018 کے تحت مقدمہ دائر کیا تھا۔
مذکورہ کیس کی پہلی سماعت رواں برس اپریل میں ہوئی تھی جب کہ مقدمے کی دوسری سماعت یکم مئی کو ہوئی، جس میں عدالت نے میگھن مارکل کے دعووں سے اختلاف کیا تھا۔