صوبہ لوگر میں عید الاضحی سے
صرف ایک دن پہلے بم دھماکے میں 17 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبہ لوگر کے دارالحکومت پل عالم میں گورنر کے دفتر کے قریب کار بم دھماکا ہوا جہاں لوگوں کی اکثریت بقر عید کے لیے خریداری کر رہے تھے، اور دھماکے کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 22 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
خیال رہے یہ دھماکا افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان عید الاضحی کے دوران جنگ بندی کے موقع پر ہوا جس کا آغاز آج سے ہی ہوا ہے تاہم افغان طالبان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔ ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اس حملے کا ہمارے گروپ سے کوئی لینا دینا نہیں۔
واضح رہے افغان طالبان کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پر 3 دن کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا اور افغان حکومت نے اس اعلان کا خیرمقدم کیا تھا۔