کس ملک کے صدر نے فیس ماسک پیٹرول سے دھونے کا مشورہ دیا؟

305

فلپائن نے کے صدر نے ایک بار پھر فیس ماسک کو پیٹرول سے دھونے کا مشورہ دے دیا۔

فلپائنی صدر رودریگو دیوترتے نے گزشتہ ہفتے بھی فیس ماسک کو پیٹرول سے دھونے کا مشورہ دیا تھا جس پر سرکاری حکام نے فوری طور پر اس کی تصحیح کی اور کہا کہ صدر نے مذاقاً اس طرح کہا تھا۔

فلپائن کے محکمہ صحت کے حکام نے صدر کے بیان پر کہا تھا کہ کپڑے کے ماسک کو عام طور پر پانی سے دھوئیں جب کہ سرجیکل ماسک کو استعمال کے بعد تبدیل کردیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق فلپائنی صدر نے ایک بار پھر اپنے بیان کو دہرایا ہے اور عوام کو فیس ماسک پیٹرول سے دھونے کا مشورہ دیا۔

فلپائنی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے فیس ماسک کو پیٹرول سے دھونے کا کہا جو درست بات ہے جب کہ ساتھ انہوں نے عوام کو پیٹرول پمپس جانے کا بھی مشورہ دیا۔

انہوں نےکہا کہ میرے بیان پر ناقدین نے مجھے پاگل اور بے وقوف کہا، اگر میں بے وقوف ہوں تو آپ کو صدر کو ہونا چاہیے مجھے نہیں۔

فلپائنی صدر نے مزید کہا کہ میں نے جو کہا وہ درست ہے اور یہ خاص طور پر غریبوں کے لیے ہے، اگر الکوحل دستیاب نہیں تو گیس اسٹیشن سے ماسک کو گیس کے ذریعے جراثیم سے پاک کریں۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ مذاق نہیں کررہے، آپ لوگ یہ سمجھنے کی کوشش کریں۔

واضح رہے کہ فلپائن میں کورونا کے کیسز کی تعداد 89 ہزار سے زائد ہے جب کہ اب تک 2 ہزار ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔