عید الاضحیٰ پر طالبان اور افغان حکومت کے مابین جنگ بندی پر زلمے خلیل زاد کا خیر مقدم

366

واشنگٹن:افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد نے عید الاضحیٰ کے موقع پر طالبان اور افغان حکومت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں زلمے نے لکھا کہ عید کے موقع پرطالبان اور افغان حکومت کی جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، زلمے خلیل زاد کا مزید کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں کہ یہ عید افغان عوام کو پائیدار امن کے ایک قدم اور قریب لائے گی۔ انہوں نے امریکی حکام کی طرف سے افغان عوام کو عید کی مبارک باد بھی دی۔

قبل ازیں طالبان نے عیدالاضحی پر 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ عید کے 3 روز طالبان جنگجووں کو افغان افواج پر حملے نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اگر مخالف فریق نے حملہ کیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

افغان مفاہمتی کونسل کی جانب سے یہ پیش کش کی گئی تھی کہ افغان حکومت عید الاضحیٰ کے دوران جنگ بندی پر تیار ہے جس پر طالبان نے بھی جنگ بندی کی یقین دہانی کروائی۔