واٹس ایپ کا وہ فیچر جس کی کمی عرصے سے محسوس کی جارہی ہے

339

واٹس ایپ میں ایک نئے فیچر کی آزمائش بیٹا ورژن میں جاری ہے جس پر کافی عرصے سے کام ہورہا تھا۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ایک اکاؤنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز پر کام کرنے میں مدد دینے والے فیچر کو اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن 2.20.196.8 کا حصہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس بیٹا ورژن میں ایک اکاؤنٹ مختلف ڈیوائسز میں بیک وقت لاگ ان سپورٹ کا کوڈ موجود ہے اور اسے لنکڈ ڈیوائسز کا نام دیا گیا ہے۔

اس نئے فیچر سے صارفین کو دیگر ڈیوائسز سے لاگ آؤٹ ہوئے بغیر اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ پر لاگ ان ہونے کی سہولت ملے گی۔

ایسا مانا جارہا ہے کہ یہ فیچر بیک وقت 4 ڈیوائسز میں اکاؤنٹ کو لاگ ان ہونے میں مدد فراہم کرے گا اور یہ ایپ کے اوپری دائیں کونے میں تھری ڈاٹس کے ذریعے استعمال کیا جاسکے گا۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں ہے یعنی تیاری کے مراحل سے گزر رہا ہے اور عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں۔

ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اس فیچر کو کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے، اس میں چند دن یا مہینے بھی لگ سکتے ہیں۔

بیٹا ورژن میں فیچر کی آزمائش کے بعد اسے متعدد تبدیلیوں کے ساتھ عام صارفین کے لیے جاری کیے جانے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت صارف صرف ایک موبائل فون میں لاگ ان ہوسکتا ہے اور کمپیوٹر ویب براؤز پر ویب ورژن پر استعمال کرسکتا ہے مگر اس کے لیے موبائل ڈیوائس کا قریب ہونا ضروری ہے۔

اگر صارف کسی دوسرے فون میں اپنا اکاؤنٹ استعمال کرنا چاہے تو نئے سرے سے سائن ان کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔