امارات ایئرلائن نے مسافروں کا کورونا وائرس کا طبی خرچہ اٹھانے (مفت گلوبل کور) کی پیشکش کی ہے اور کہا ہے کہ ایئرلائن، صارفین کے سفر کی کلاس اور منزل سے قطع نظر ان کے علاج اور قرنطینہ کے اخراجات اٹھائے گی۔
اس گلوبل کور کا اطلاق فوری طور پر کیا گیا ہے جو امارات ایئرلائن میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے 31 اکتوبر 2020 (31 اکتوبر یا اس سے قبل پہنچنے والی پرواز) تک مؤثر ہے۔
خیال رہے کہ یہ پیشکش مسافروں کے اپنی منزل کی جانب پہلی پرواز سے لے کر اگلے 31روز تک برقرار رہے گی۔
امارات ایئرلائن نے گزشتہ روز ایک پریس ریلیز میں کہا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق اخراجات کے لیے مفت عالمی کور کی پیشکش کرنے والی دنیا کی پہلی ایئر لائن ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ امارات ایئرلائن کے صارفین اعتماد کے ساتھ سفر کرسکتے ہیں کیونکہ اگر سفر کے جب وہ گھر سے دور ہوں اور ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی تو ایئرلائن 14 ہزار یورو تک کے طبی اخراجات برداشت کرے گی اور 14 روزہ قرنطینہ کے لیے یومیہ 100 یورو ادا کرے گی۔
امارات گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو شیخ احمد بن سعید المکتوم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے وزیر اعظم اور حکمران شیخ محمد کی ہدایت پر امارات کو بین الاقوامی سفر کے لیے اعتماد بڑھانے کی قیادت کرنے پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ دی بھر کی سرحدیں بتدریج کھلنے کے بعد لوگ فضائی سفر کی دِلی خواہش رکھتے ہیں لیکن وہ لچک اور یقین دہانی کے خواہاں ہیں کہ کہیں ان کے سفر کے دوران کوئی غیر متوقع واقعہ پیش نہ آجائے۔
امارات گروپ کے چیئرمین نے مزید کہا کہ امارات نے انفیکشن کا خطرہ کم کرنے کے لیے صارف کے سفر کے ہر قدم پر اقدامات کے لیے سخت محنت کی ہے اور ہم نے لچک پیش کرنے کے لیے اپنی بکنگ پالیسیز کو بھی بہتر بنایا ہے۔