کینبرا:
چین سے حالیہ کشیدگی کے بعد بھارت کا جنگی جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے اور بھارتی حکومت نے فرانس سے رافیل طیاروں کے بعد ‘ہیمر’ میزائل خریدنے کا بھی معاہدہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت فرانس کے ساتھ رافیل طیاروں کے معاہدوں کے بعد اب ہیمر میزائلوں کا معاہدہ بھی کررہا ہے بھارتی فوج 60 سے 70 کلو میٹر کے فاصلے تک مار کرنے والے ہیمر میزائلوں کا معاہدہ بھارتی وزیراعظم مودی کی جانب سے حال ہی میں فوج کی دیے جانے والی ایمرجنسی پاورز کے استعمال کے تحت کررہی ہے اور یہ خیال کیا جارہا ہے کہ یہ معاہدہ چین سے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں کیا جارہا ہے۔
خیال رہے بھارت اور چین کے درمیان چند ماہ سے مشرقی لداخ کے مقام پر سرحدی کشیدگی جاری ہے، اس تناظر میں بھارت کے حکومتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ فرانس نے یقین دلایا ہے کہ یہ میزائل جلد بھارت کے حوالے کردیے جائیں گے اور کسی دوسرے ملک کے لیے تیار کردہ میزائل ہنگامی بنیادوں پر بھارت کو دیے جائیں گے۔
واضح رہے بھارت اور فرانس کے درمیان کیے جانے والے معاہدے کے تحت رافیل کے 5 جنگجو طیاروں کی پہلی کھیپ 29 جولائی کو بھارتی ریاست ہریانہ میں فضائی اڈے پر اترے گی۔