اسرائیل نے حزب اللہ کی دھمکیوں کے بعد اردن کے ساتھ سرحد پر فوج تعینات کردی

431

اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ لبنان کی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے دھمکیوں کے بعد اپنی شمالی سرحد پر فوجی دستے تعینات کر رہا ہے۔

حزب اللہ نے اسرائیل کو رواں ہفتے شام میں حملے کے نتیجے میں اپنے ایک رکن کی ہلاکت پر جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔

اسرائیلی آرمی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ فوجیوں کی تعیناتی کا اقدام حالات کا جائزہ لینے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

حزب اللہ کے نشریاتی ادارے ‘اَلمَنار’ نے ہلاک ہونے والے رکن کی شناخت علی کامل محسن کے نام سے کی تھی، جو پیر کو دمشق ایئرپورٹ کے قریب فضائی حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔

حملے میں 4 دیگر غیر ملکی جنگجو بھی ہلاک ہوئے تھے اور اس کا الزام اسرائیل پر عائد کیا گیا تھا، جو شام میں ان جنگجوؤں پر درجنوں فضائی حملے کر چکا ہے جنہیں وہ ایران کے حمایت یافتہ جنگجو قرار دیتا ہے۔

حزب اللہ کے قانون ساز شیخ حسان نے علی کامل محسن کی نماز جنازہ میں کہا تھا کہ ‘ہمارے اور دشمن اسرائیل کے درمیان جنگ جاری رہے گی اور جو راستہ شہیدوں نے اپنے خون سے بنایا ہے ہم اس پر چلتے رہیں گے۔’