یونان کی سمندری حدود میں گیس کی تلاش، ترکی نے فرانس کے الزامات مسترد کر دیئے

277

پیرس: فرانس نے یورپی یونین کے رکن ملک کے سمندری پانیوں میں تجاوز کرنے کے لیے ترکی کے خلاف پابندیوں کا مطالبہ کیا ہے، تاہم ترکی نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے دائرے میں ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین نے یونانی جزائر کے آس پاس بحیرہ روم میں قدرتی گیس کی دریافت کے لیے سروے کی کوششوں پر ترکی کو خبردار کیا ہے۔

یونان اور قبرص نے الزام عائد کیا ہے کہ ترکی کی جانب سے ان کے سمندری پانیوں میں قدرتی وسائل کو دریافت کرنے کی کوششیں جاری ہیں جس سے ان کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

یونان میں حکومت کے ترجمان اسٹیلوس پیٹساس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام فریقوں کو آگاہ کر رہی ہے کہ یونان خود مختاری کی خلاف ورزی تسلیم نہیں کرے گا اور خودمختار ی کے حقوق کے دفاع کے لیے جو بھی اس سے ہوسکے گا وہ کریگا۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ترکی کے خلاف پابندیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یوروپی یونین کے کسی بھی رکن ملک کے سمندری علاقوں کی خلاف ورزی یا پھر اس بارے میں دھمکی قابل قبول نہیں ہے۔ گزشتہ برس یورپی یونین نے پابندی سے متعلق نئی حکمت عملی وضع کی تھی جس میں قبرص کے سمندری پانیوں میں ترکی کی جانب سے غیر قانونی کھدائی کرنے پر پابندیاں عائد کرنے کی بات کہی گئی تھی۔