کیا گھر میں کرونا وائرس لاحق ہونے کا خطرہ زیادہ ہے؟ نئی تحقیق

314

سیئول: جنوبی کوریا کے ماہرین وبائی امراض نے نیا انکشاف کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ لوگ باہر کے رابطوں کی نسبت اپنے گھر ہی کے افراد کے ذریعے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا زیادہ امکان رکھتے ہیں۔

اس سلسلے میں جنوبی کوریائی ماہرین نے امریکی ادارے سی ڈی سی کے ذریعے 16 جولائی کو ایک تحقیقی مطالعہ پیش کیا ہے، انھوں نے 5706 ایسے مریضوں کی فہرست مرتب کی جنھیں کرونا وائرس مثبت آیا تھا، تحقیق میں ان 59 ہزار لوگوں کو بھی دیکھا گیا جو مذکورہ مریضوں سے رابطے میں آئے تھے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ متاثرہ 100 میں سے صرف 2 افراد کو غیر گھریلو رابطوں سے وائرس لگا تھا، جب کہ 10 میں سے ایک نے اپنے ہی کنبے سے یہ مرض لیا تھا۔

یہ بھی دیکھا گیا کہ عمر کے لحاظ سے گھرانے میں انفیکشن کی شرح اس وقت زیادہ رہی جب ابتدائی تصدیق شدہ کیسز کا تعلق 13 سے 19 سال کے درمیان یا پھر 60 سے 70 سال کے درمیان کی عمر کے لوگوں سے تھا۔

اس کی وجہ کوریا سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن کے ڈائریکٹر جیانگ یون کیانگ نے یہ بتائی کہ ان عمروں کے گروپ والے افراد کا کنبے کے دیگر افراد سے قریبی ربط کا امکان زیادہ ہے، کیوں کہ ان کو تحفظ یا تعاون کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔