پی سی بی کے اعزازی چیئرمین کو بے شمار مراعات حاصل

190

کراچی: پی سی بی کے ’’اعزازی‘‘ چیئرمین کو بے شمار مراعات حاصل ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کا عہدہ پانے کیلیے بڑی بڑی شخصیات خوب کوششیں کرتی ہیں، بظاہر تو یہ پوسٹ اعزازی مگر بھرپور مراعات اسے بہترین بنا دیتی ہیں۔ رکن قومی اسمبلی سید عمران احمد شاہ نے پی سی بی کے بارے میں کچھ عرصے قبل چند سوالات پوچھے تھے،انھیں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی معرفت سے جوابات موصول ہوئے،بورڈ آفیشلز کے الاؤنسز کی تفصیلات تو پہلے ہی سامنے آ گئی تھیں، اب چیئرمین کی مراعات کا بھی انکشاف ہوگیا۔

ہیڈ آفس لاہور کا رہائشی نہ ہونے کی صورت میں چیئرمین کو مکمل فرنیشڈ رہائش یا ایک لاکھ روپے ماہانہ دیے  جاتے ہیں، پی سی بی کی ویب سائٹ پر موجود تفصیلات کے مطابق احسان مانی کی رہائش پر جولائی 2019 سے جون 2020تک 40 لاکھ24 ہزار 260 روپے خرچ ہوئے ہیں، یعنی ہر ماہ تقریباً 3 لاکھ 35 ہزار روپے رہائش پر صرف ہوتے ہیں۔