کورونا وائرس: عید الاضحیٰ کے موقع پر مسجدالحرام کو 2 روز تک بند رکھنے کا اعلان

257

ریاض:سعودی حکام نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث عید الاضحیٰ کے موقع پر مسجدالحرام کو نمازیوں کے لیے 2 روز تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

سعودی سیکیورٹی عہدیدار میجر جنرل محمد الاحمدی نے بتایا کہ مسجد الحرام کو یومِ عرفہ اور عید الضحیٰ کے دن نمازیوں کے لیے بند رکھا جائے گا اور مسجد کے بیرونی احاطے میں بھی نماز کی ادائیگی پر پابندی برقرار رہے گی۔

انہوں نے مکہ کے شہریوں پر زور دیا کہ یوم عرفہ کے دن روزہ اپنے گھروں میں افطار کریں۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ مکہ میں منٰی اور مزدلفہ کے مقام پر بنایا گیا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر مکمل طور پر فعال ہوگا۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹے کے لیے مکہ شہر کے داخلی مقامات پر مختلف سیکیورٹی فورسز کا پہرہ ہو گا جو اجازت نامے کے بغیر لوگوں کو شہر میں داخل ہونے سے روکیں گے۔

سیکیورٹی حکام نے حج کے لیے انتظامات کے پہلے مرحلے کا جائزہ لیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اس وبائی صورتحال میں ہماری تمام تر توجہ حاجیوں کی صحت کے پہلو پر ہے۔

یاد رہے کہ کورونا وبا کے بعد سعودی عرب کی حکومت نے مارچ میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 24 گھنٹے کا کرفیو اور مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا تھا اور مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں تاحکم ثانی عام لوگوں کا داخلہ بند کردیا تھا۔

سعودی عرب کی حکومت نے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر عمرے کو بھی عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا جب کہ سعودی حکومت نے کسی بھی دوسرے ملک سے حج کے حوالے سے معاہدہ نہیں کیا تھا۔