پاکستان میں لائیو اسٹریمنگ ایپ ‘بیگو’ پر پابندی، ٹک ٹاک کو حتمی نوٹس

232

کراچی: پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے فحش اور غیر اخلاقی مواد پر لائیو اسٹریمنگ ایپلی کیشن بیگو کو بند کردیا جبکہ ویڈیو شیئرنگ سروس ٹک ٹاک کو ‘حتمی وارننگ’ جاری کردی۔

ٹک ٹاک ایک چینی سوشل نیٹ ورکنگ ایپلی کیشن ہے جو صارفین کو ویڈیو کلپس بنانے، گانوں پر لپ سنک کرنے اور چھوٹی ویڈیوز بنانے کی اجازت دیتی ہے۔

تاہم پی ٹی اے کے بیان کے مطابق سوشل میڈیا ایپلی کیشنز بالخصوص ٹک ٹاک اور بیگو پر فحش اور غیراخلاقی مواد اور اس کے نوجوان نسل پر انتہائی منفی اثرات کے حوالے سے معاشرے کے مختلف طبقات کی جانب سے پی ٹی اے کو متعدد شکایات موصول ہوئیں۔

یان کے مطابق پی ٹی اے نے مذکورہ بالا سوشل میڈیا کمپنیز کو غیر اخلاقی مواد، ملکی قوانین اور اخلاقی حدود کے مطابق اعتدال میں کرنے کے لیے نوٹسز جاری کیے، تاہم ان کمپنیز کا جواب تسلی بخش نہیں رہا۔

پی ٹی اے کے مطابق ‘لہٰذا پی ای سی اے کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پی ٹی اے نے فوری طور پر بیگو کو بند کرنے اور ٹک ٹاک کو حتمی نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ یہ کمپنیاں اپنی سوشل میڈیا ایپلی کیشن کے ذریعے فحاشی اور غیراخلاقی مواد پر قابو پانے کے لیے ایک جامع طریقہ کار وضع کرسکیں۔