پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ کوئی بھی کھلاڑی ٹیم کیلئے ناگزیر نہیں، محمد عامر کو دیکھنا ہوگا کہ وہ کہاں کھڑے ہیں تاکہ ان کے مستقبل کے حوالے پلان کیا جا سکے۔
ڈربی سے وڈیو لنک پر میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ جب محمد عامر نے اچانک ریڈ بال کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا توہمیں اچھا اس لیے نہیں لگا کہ ٹیم کو ضرورت تھی ہم نے ناراضی کا اظہار بھی کیا لیکن کسی کے لیے دروازے بند نہیں کیے، محمد عامر وائٹ بال کرکٹ کھیل رہے ہیں تجربہ کار ہیں اس لیے ہمارے پاس موقع بھی تھا اس لیے انہیں بلایا، انہیں بلانے کا مقصد یہ نہیں ہے کہ انہیں بلایا تو کھلائیں گے، کوئی ناگزیر نہیں ہے جو اپنی فارم اور ردہم کی بنیاد پر ٹیم کی ضرورت ہو گا وہی کھیلے گا۔