جب مصری خاتون گلوکار ہارون کے گانے’محبوبا’ کو سن کر دیوانی ہوگئیں

232

حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے گلوکار ہارون رشید نے تقریبا 2 دہائیاں قبل ریلیز کیے جانے والے اپنے معروف گانے ‘محبوبا’ سے متعلق دلچسپ باتیں بتا کر مداحوں کو حیران کردیا۔

ہارون رشید نے 2003 میں ریلیز ہونے والے اپنے ایلبم ‘لگن’ کے سب سے مقبول گانے ‘محبوبا’ سے متعلق حال ہی میں انسٹاگرام پوسٹ میں دلچسپ حقائق بیان کیے۔

گلوکار نے پوسٹ میں گانے کی ویڈیو بھی شیئر کی اور بتایا کہ انہیں آج بھی یاد ہے کہ انہیں مذکورہ گانا اہرام مصر میں فلمانے میں کتنی مشکلات پیش آئی تھیں۔

گلوکار کے مطابق وہ ‘محبوبا’ گانے کی ویڈیو اہرام مصر میں ریکارڈ کرنا چاہتے تھے، جس وجہ سے انہوں نے اس وقت ایک آن لائن پروڈکشن ہاؤس سے رابطہ کیا اور وہ مصر چلے گئے۔

ہارون رشید نے بتایا کہ خاتون پروڈیوسر ان کا گانا ‘محبوبا’ سن کر دیوانی ہوگئیں اور انہوں نے گانےکو شاندار قرار دیتے ہوئے اپنی ایک خاتون دوست سے رابطہ کیا جنہوں نے مصر کے بہت بڑے پروڈکشن ہاؤس کے مالک سے شادی کر رکھی تھی اور اس پروڈکشن ہاؤس نے معروف فلم لارنس آف عربیہ بھی بنا رکھی تھی۔