کورونا کے پھیلاؤ میں اضافے کے ساتھ ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

257

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار میں اضافے کے ساتھ ہی عالمی منڈی میں تیل کی طلب میں کمی کے خدشات کے باعث اس کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

برینٹ کروڈ ایل سی او سی ون جس میں گزشتہ ہفتے بھی کمی ہوئی تھی وہ 36 سینٹ یعنی 0.8 فیصد مزید کمی کے ساتھ فی بیرل 42.78 ڈالر پر آگیا۔

اس کے علاوہ امریکی تیل کی قیمت جس میں گزشتہ ہفتے 4 سینٹ کا اضافہ ہوا تھا، وہ 34 سینٹ یا 0.8فیصد کمی کے بعد 40.25 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔

عالمی سطح پر کوروناوائرس سے ایک کروڑ 45 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں اور6 لاکھ 4 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

فلپ فیوچرز میں کموڈٹیز کے منیجر اوتار ساندو کا کہنا تھا کہ ‘کبھی نہ ختم ہونے والی کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ممالک لاک ڈاؤن اقدامات کو بحال کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں (کیونکہ) یہ معاشی نمو کو کم کردے گا اور توانائی کی طلب کو روک دے گا’۔

دنیا بھر کے ممالک میں سخت لاک ڈاؤن اور اپریل میں ایندھن کی طلب میں 30 فیصد کمی کے بعد اب بحالی آئی ہے تاہم طلب اب بھی وائرس کے پھیلاؤ سے قبل کے مقابلے میں کم ہے۔

دنیا بھر میں انفیکشن میں دوبارہ اضافے کے ساتھ ہی امریکی خوردہ پیٹرول کی مانگ ایک بار پھر گر رہی ہے۔