بھارت: 3 بنگلہ دیشیوں کا قتل، نیپالی باشندے کا سر مونڈ دیا گیا

365

نئی دہلی: بھارت کے نیپال اور بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات جہاں پہلے ہی کھٹائی کا شکار ہیں وہیں اب مویشیوں کی چوری کے الزام میں سرحدی ریاست آسام میں 3 بنگلہ دیشیوں کا قتل اور وزیر اعظم نریندر مودی کے حلقے وارانسی میں ایک نیپالی شخص کے سر مونڈنے کے واقعے نے اس میں مزید خرابی کا خدشہ پیدا کردیا ہے۔

بتایا گیا کہ 3 بنگلہ دیشی شہری، جن پر مبینہ طور پر مویشی اسمگلنگ کا الزام عائد کیا گیا تھا، ان کو 18 جولائی کی درمیانی شب آسام کے جنوبی ضلع کریم گنج میں مقامی لوگوں نے اغوا کرلیا جبکہ سرحد پار سے آنے والے دیگر 4 فرار ہوگئے۔

ضلع کے سپرنٹنڈنٹ پولیس کمار سنجیت کرشنا نے بتایا کہ یہ واقعہ بنگلہ دیش کی سرحد کے قریب اور تقریباً پولیس چوکی سے ڈیڑھ کلو میٹر دور پتھرکندی پولیس کے ماتحت بوگریجان ٹی اسٹیٹ میں پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ تفتیش پر یہ انکشاف ہوا کہ مذکورہ بنگلہ دیشی شہری بوگریجان کے علاقے سے گائے چوری کرنے کے مقصد کے ساتھ سرحد پار کرکے آئے تھے۔