پاناما کی جھیل سے 7 افراد کی لاشیں برآمد

385

وسطی امریکا کے ملک پاناما کی جھیل سے 7 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

پاناما کی مشہور مصنوعی گیٹن جھیل کے قریب سے 7 افراد کی لاشیں ملیں جن میں 4 لڑکیاں اور 3 لڑکے  شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہےکہ مرنے والے ساتوں افراد نوجوان ہیں جن کی عمریں 17 سے 12 سال کے درمیان ہیں جب کہ ان کی لاشیں کیپٹل سٹی پاناما سے 50 میل دوری پر واقع گیٹن جھیل کے پاس سے ملی ہیں۔

پولیس کے مطابق مرنے والے 7 افراد 14 لوگوں کے گروپ میں شامل تھے جو جمعہ کے روز جھیل کی سیر کے لیے نکلے تھے جب کہ واقعے میں زندہ بچ جانے والے 7 افراد کا کہنا ہےکہ ان پر مسلح افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ اس سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

مقامی حکام نے میڈیا کو بتایا کہ کچھ افراد کے جسموں پر گولیوں کے زخم بھی پائے گئے ہیں، جس جگہ سے لاشیں برآمد ہوئیں اس مقام پر سرچ آپریشن کیا جارہا ہے جب کہ حملے کے مقاصد کا تعین کیا جائے گا۔

مقامی میڈیا کا بتانا ہےکہ مرنے والے نوجوانوں میں سے کچھ کے اہلخانہ نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ ان کے بچے جمعہ سے لاپتا ہیں۔