ٹوکیو اولمپکس آرگنائزرز نے کھیلوں کے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا

302

ٹوکیو:ٹوکیو اولمپکس کے آرگنائزرز نے ان کھیلوں کے مقابلوں کے نئے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ یہ کھیل، کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب آئندہ سال کے لیے ملتوی کر دیئے گئے تھے۔

جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق ٹوکیو آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ موری یوشیرو نے گذشتہ روز بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی ویڈیو کانفرنس میں اسکا اعلان کیا۔
موری نے کہا کہ اولمپکس 23 جولائی سے شروع ہو کر 17 روز جاری رہیں گے۔ ان کا آغاز اس تاریخ سے ایک دن قبل ہو گا جو رواں سال اولمپکس کے آغاز کے لیے طے کی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے کھلاڑی 33 کھیلوں کے ریکارڈ 339 ایونٹس میں مقابلہ کریں گے۔ آرگنائزرز، وہی تمام مقامات، اتھلیٹ ویلیج اور دیگر مراکز حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں جو ملتوی شدہ گیمز کے لیے حاصل کیے گئے تھے۔ اس کی بدولت مقابلوں کا نیا شیڈول ایک طرح سے ملتوی شدہ شیڈول کی ہوبہو نقل ہے۔