ممبئی: بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور ان کی بیٹی آرادھیا بچن کو سانس لینے میں دشواری کے سبب ہسپتال منتقل کردیا گیا دونوں کورونا وائرس کا شکار ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سابق ملکہ حسن اور بچن خاندان کی بہو 46 سالہ اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور ان کی 8 سالہ بیٹی آرادھیا بچن کو گزشتہ روز ممبئی کے نانا وتی اسپتال منتقل کیا گیا ہے دونوں کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ماں بیٹی کو سانس لینے میں دشواری کے سبب اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے ان کے اسپتال میں زیرعلاج ہونے کی تصدیق کی ہے۔ تاہم اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کی حالت ٹھیک ہے۔
11 جولائی کو اداکار امیتابھ بچن نے ٹوئٹر پر اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جب کہ اسی دن ابھیشیک بچن نے بھی ان میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبرٹوئٹر پر دی تھی۔ بعد ازاں 12 جولائی کو ابھیشیک بچن نے ان کی اہلیہ ایشوریا رائے اور بیٹی آرادھیا میں بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی۔ تاہم ان کی والدہ جیا بچن کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔