بھارت: پولیس کا کسان میاں بیوی پر بہیمانہ تشدد ، جوڑے کی خودکشی کی کوشش

283

مدھیہ پردیش: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں بے رحم پولیس اہل کاروں نے غریب کسان میاں بیوی کو ان کی فصل سے بے دخل کرتے ہوئے ان پر بد ترین تشدد کیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس پر لوگوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

مدھیہ پردیش میں نچلی ذات دلت سے تعلق رکھنے والے ایک کسان جوڑے کو پولیس اہل کاروں نے لاٹھیوں سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، اور ان کی اگائی فصل تباہ کر دی، واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے مطالبہ کیا کہ غریب اقلیتوں کی ظالمانہ بے دخلی کا سلسلہ ختم کیا جائے۔

آن لائن ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ وسطی مدھیہ پردیش میں آدھا درجن پولیس اہل کار سرکاری ملکیت والی زمین سے غریب کسان میاں بیوی کو گھسیٹتے بے دخل کر رہے ہیں اور اس دوران انھیں لاٹھیوں سے بے دردی سے پیٹا جا رہا ہے، منگل کے روز سے اب تک اس ویڈیو کو 10 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا۔

کسان جوڑے نے بے دخل ہونے کے فوراً بعد کیڑے مار دوا پی کر خود کشی کرنے کی کوشش کی، تاہم انھیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ یہ بات مقامی انتظامیہ کے سربراہ ایس وشواناتھ نےایک نیوز کانفرنس میں بتائی، جس کے چند گھنٹے بعد انھیں اور پولیس چیف کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔