ایشیا کپ گنوا کر بورڈ تسلیاں دینے لگا

222

لاہور: ’’مالی نقصان کم ہوگا‘‘ ایشیا کپ گنوا کربورڈ تسلیاں دینے لگا۔

ایشیا کپ رواں سال ستمبرمیں پاکستان کی میزبانی میں ہونا تھا، التوا کے بعد اب آئندہ سال سری لنکا میزبان ہوگا، پی سی ب کو2022تک انتظار کرنا ہوگا،ناقدین کا کہنا ہے کہ جلد بازی میں ایونٹ کی میزبانی کا سری لنکا سے تبادلہ کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہاکہ ایشیا کپ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے ایسے حالات میں ملتوی کیا گیا جس پر کنٹرول کسی ممبر ملک کے بس کی بات نہیں تھی،ہم نے کچھ عرصے قبل سری لنکا سے میزبانی کے تبادلے پر رضامندی ظاہر کی تھی، وجہ وہاں کی صورتحال خطے کے دیگر ملکوں کی بانسبت بہت بہتر ہونا بنی،التوا کے فیصلے اور نئے شیڈول پر سب ارکان کا اتفاق ہے، اس کا پاکستان کو بہت کم نقصان ہوگا، ایونٹ کی اصل اہمیت یہ ہے کہ حاصل ہونے والے فنڈز چھوٹے ملکوں میں کھیل کو فروغ دینے میں کام آتے ہیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے بورڈ کو مالی نقصان کے سوال پر انھوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کیخلاف ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے ملتوی کرنا پڑا، پی ایس ایل میچز ملتوی ہوئے،ہماری اگلی سیریز سال کے آخر میں زمبابوے کیخلاف ہے، اس لیے کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔ زیادہ محدود اوورز کے میچز شیڈول کرنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ کرکٹ صرف پیسہ کمانے کا نام نہیں بلکہ پلیئر کی مہارت کا امتحان کھیل کا اہم حصہ ہے۔