کراچی: انگلینڈ میں پاکستانی کرکٹرز ’’تھری اسٹار جیل‘‘ تک محدود ہیں جب کہ 14روزہ قرنطینہ مکمل ہونے کے بعد بھی انھیں کہیں جانے کی اجازت نہیں۔
غیرملکی کرکٹرز جب پاکستان آئیں تو عموماً ’’فائیو اسٹار جیل‘‘ میں قید رہنے کی شکایت کرتے ہیں، اس کی وجہ سیکیورٹی کے سبب گراؤنڈ اور ہوٹل میں محدود سرگرمیاں ہوتی ہیں، پاکستان ٹیم کو تو انگلینڈ میں ’’فائیو اسٹار جیل‘‘ بھی میسر نہیں، ووسٹر اور اب ڈربی میں بھی تھری اسٹار ہوٹل میں قیام ہے،اس کی وجہ گراؤنڈ سے ملحقہ ہونا بنی۔
آئی سی سی قوانین کے تحت انٹرنیشنل میچ میں ٹیموں اور آفیشلز کو فائیو اسٹار ہوٹلز میں ٹھہرانا لازمی ہے مگر عالمی وبا کے سبب مخصوص حالات میں ایسا ممکن نہیں ہو پا رہا، انگلینڈ آمد کے بعد غیرملکیوں پر14روز کا قرنطینہ لازم ہے، پاکستانی ٹیم نے ووسٹر میں 14 دن قید تنہائی میں گذارے،اب ڈربی آمد کے بعد بھی سب سے الگ رہنا ہوگا۔