اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ آرمینیا کی طرف سے آذربائیجان کے سرحدی قصبے پر حملے کی پاکستان مذمت کرتا ہے، آرمینیائی فوج نے 12جولائی کو آذربائیجان کے قصبے تووز پر حملہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے مذمتی بیان میں ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ آرمینیا کے حملے سے بہت سے آذربائیجانی مارے گئے، پاکستان غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ نوگورنوکاراباخ تنازع حل نہ ہونا تو خطے کے امن کے لیے شدیدخطرہ ہے، آرمینیائی اقدام کا مقصد بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنا ہے، نوگورنوکاراباخ تنازعے کے پر امن حل کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔
خیال رہے کہ 12 جولائی کو سرحدی تنازع کے نتیجے میں آرمینیا اور آذربائیجان کی فوجیں آمنے سامنے آگئی تھیں، چھڑپ کے باعث کئی آذربائیجانی فوجی مارے گئے تھے۔