لندن: برطانوی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں کرونا کی دوسری لہر سے ایک لاکھ سے زائد افراد مارے جائیں گے، اسپتالوں میں سخت حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ برطانیہ میں کرونا کی دوسری لہر موسم سرما میں آئے گی، جس کے باعث تقریباً ایک لاکھ بیس ہزار مریضوں کی اموات ممکن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال ستمبر سے برطانیہ کو وبا کی دوسری لہر کے علاوہ سردیوں کے پیش نظر نزلہ زکام جیسی بیماریوں کا بھی سامنا کرنا پڑے گا، ملک میں لاک ڈاؤن میں نرمی اور موسم سرما کرونا کے پھیلاؤ میں مدد دے سکتے ہیں۔
پروفیسر اسیٹفن کا کہنا ہے کہ یہ کوئی پیش گوئی نہیں بلکہ حقیقت کی عکاسی ہے، اگر ہم فوری اور بروقت ایکشن لیتے ہیں تو ممکنہ خطرے کو کافی حد تک کم کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکا اور یورپی ممالک سمیت برطانیہ بھی کرونا سے شدید متاثر ہے۔ نئے وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا نے 213 ممالک میں 5 لاکھ سے انسانی جانیں نگل لیں، وائرس سے اب تک 1 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ بدقسمتی سے اس مرض کی اب تک کوئی ویکسین تیار نہیں ہوئی۔