میوزک سننے کے شوقین افراد کی جانب سے حال ہی میں ایک نئی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس میں وہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ ‘اسپوٹیفائے’ کو پاکستان میں جلد لانچ کیا جائے۔
سوشل میڈیا پر اس مہم کا آغاز جنوبی کوریائی گروپ (بی ٹی ایس) کے پرستاروں نے کیا ہے جنہیں ‘اے آر ایم وائی’ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے پاکستان پینل پر SpotifyInPakistan# ٹرینڈ کر رہا ہے۔
اسپوٹیفائے ایک ڈیجیٹل میوزک اسٹریمنگ سروس ہے جو صارفین کو پوری دنیا کے فنکاروں کے لاکھوں گانوں، پوڈکاسٹ اور ویڈیوز تک رسائی فراہم کرتی ہے۔
میوزک اسٹریمنگ سروس اسپوٹیفائے اس وقت دنیا کے 70 سے زائد ممالک کے لوگ استعمال کر رہے ہیں جس میں بھارت سمیت متعدد ایشیائی ممالک بھی شامل ہیں تاہم یہ سروس اس وقت پاکستان میں دستیاب نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر اس وقت ہزاروں صارفین کی جانب سے پاکستان میں اسپوٹیفائے کو لانچ کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
صارفین کا کہناہے کہ پاکستانی عوام موسیقی کے شعبے میں بہت ترقی کر رہی ہے اور اس طرح کا پلیٹ فارم موسیقی سے وابستہ لوگوں کے لیے بھی مددگار ثابت ہوگا۔