ممبئی: بھارت میں جعلی کرکٹ ایونٹ کی ہر چیز ہی فراڈ نکلی، گمنام آئی پی ایڈریس، فرضی ای میلز اور غیررجسٹرڈ فون نمبرز استعمال کیے گئے، لائیو اسٹریمنگ کمپنی کو بھی ’بدھو‘ بنایا گیا جب کہ معاملے کی تحقیقات میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور سری لنکن بورڈ بھی شامل ہوگئے۔
چندی گڑھ کے نواحی علاقے میں سری لنکن یووا لیگ کا ڈھونگ رچایا گیا، جعلی ایونٹ کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، فراڈ ایونٹ کی ہر چیز ہی جعلی ثابت ہورہی ہے، بڑی چالاکی سے ممبئی کی ایک کمپنی کی لائیو اسٹریمنگ کیلیے خدمات لی گئیں۔
مذکورہ کمپنی کا کہنا ہے کہ 25 جون کی شام سندن کرونارتنے نے خود کو یووا لیگ کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے حکام سے ملاقات کی، جس میں لیگ پر پریزینٹیشن دینے کے ساتھ تشہیر کیلیے مدد فراہم کرنے کا کہا، اس موقع پر انھوں نے ایونٹ کا ویب ایڈریس اور اپنا ایک فرضی ای میل ایڈریس بھی دیا، یہ بھی بتایا کہ مذکورہ کمپنی کے بارے میں معلومات سوشل میڈیا سے حاصل کیں۔