ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں لوکل امپائرز کا تجربہ ناکام، ریویو سسٹم کام آگیا

249

لاہور:ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں لوکل امپائرز کا تجربہ ناکام ثابت ہونے لگا،البتہ ریویو سسٹم کام آگیا، ابتدائی دو دن میں رچرڈکیٹل برو3 اور رچرڈالنگورتھ 2غلط فیصلوں کے مرتکب ہوئے،ناقدین طنز کرتے ہوئے درست ریویو لینے والے مہمان کپتان جیسن ہولڈر کو ہی بطورامپائر کھڑا کرنے کا مطالبہ کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال میں آئی سی سی گائیڈ لائنز میں مقامی امپائرز کے تقررکی حوصلہ افزائی ہوئی تھی، ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ کے دونوں امپائرز رچرڈ النگورتھ اور رچرڈ کیٹل برو ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، میزبان ٹیم کی بولنگ کے دوران امپائرنگ پر انگلیاں اٹھائی گئی ہیں، مہمان کپتان جیسن ہولڈر نے رچرڈ کیٹل برو کے 3 فیصلوں کیخلاف ریویو لیا اور تینوں بار درست ثابت ہوئے، شینن گبریل نے روری برنز کو 30 پر ایل بی ڈبلیو کیا تو امپائر ٹس سے مس نہ ہوئے، جیسن ہولڈر نے ریویو کا سہارا لیتے ہوئے انکو غلط ثابت کر دیا۔