نیدرلینڈز کا 6 سال قبل جہاز گرانے کا مقدمہ روس کے خلاف درج کرانے کا اعلان

365

نیدرلینڈز کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 6 برس قبل یوکرین میں میزائل سے تباہ ہونے والے ملائیشیا کے مسافر جہاز ایم ایچ 17 کا مقدمہ یورپی عدالت میں روس کے خلاف درج کرایا جائے گا۔

نیدرلینڈز حکومت نے کہا کہ مشرقی یوکرین میں گر کر تباہ ہونے والے ملائیشیا کے مسافر جہاز کا مقدمہ یورپی عدالت برائے انسانی حقوق میں درج کرایا جائے گا۔

یاد رہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے 298 مسافروں میں سے دو تہائی کا تعلق نیدرلینڈز سے تھا اور 17 جولائی 2014 کو اس حادثے کا ذمہ دار روس کو قرار دیا گیا تھا۔

روس نے حادثے میں کسی صورت ملوث ہونے کے تاثر کو مسلسل رد کردیا تھا۔

نیدرلینڈ کے وزیر خارجہ اسٹیف بلوک نے پارلیمنٹ کو ایک خط میں کہا کہ ‘ہماری کوششوں کا نیا قدم سچ، انصاف اور احتساب کو قائم کرنا ہے’۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ حکومت ایم ایچ 17 سے متعلق تمام معلومات عدالت کو فراہم کرے گی اور انفرادی طور پر جمع کی گئیں درخواستوں میں تعاون کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ایم ایچ 17 مسافر جہاز نیدرلینڈز سے کوالالمپور جارہا تھا کہ مشرقی یوکرین میں ماسکو کے حامی باغیوں کے علاقے سے فائر کیے گئے میزائل سے نشانہ بنا کر مار گرایا گیا تھا۔

جہاز میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

نیدرلینڈز کی سربراہی میں بین الاقوامی مشترکہ تحقیقات ٹیم (جے آئی ٹی) نے گزشتہ برس کہا تھا کہ جہاز کو نشانہ بنانے والا لانچر سرحد پار سے روسی فوج کے بیس سے آیا تھا۔