بھارت میں کورونا وائرس عروج پر، 25 ہزار نئے کیسز

255

نئی دہلی: بھارت ميں چوبيس گھنٹوں ميں کورونا کے 25 ہزار نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد مودی سرکار کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کھل کر سامنے آگئی ہے جب کہ ملک بھر میں یومیہ بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کے باعث خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے پچيس ہزار سے زائد نئے کيسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 67 ہزار 302 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ بھارت میں یومیہ 2 لاکھ افراد کے ٹیسٹ کرائے جارہے ہیں۔

رواں برس مارچ کے بعد يہ پہلا موقع ہے کہ جب انفيکشن کی تعداد میں اس حد تک اضافہ ہوا ہے، عالمی سطح پر بھی بھارت کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا تيسرا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ تمام ہی اسپتالوں میں کورونا وارڈز بھر چکے ہیں اور زیادہ تر مریض وینٹی لیٹر نہ ملنے کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئے جب کہ دیہاتوں میں حالت مزید خراب ہے۔