امبر ہرڈ نے ایجنڈا کے تحت مجھ سے شادی کرکے دولت و شہرت بٹوری، جونی ڈیپ

320

معروف ہولی وڈ اداکار 57 جونی ڈیپ نے ایک بار پھر سابق اہلیہ 34 سالہ اداکارہ امبر ہرڈ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف منصوبہ بندی کے تحت الزامات لگائے گئے اور یہ کہ امبر ہرڈ نے ایجنڈا کے تحت ان سے شادی کی۔

جونی ڈیپ 7 جولائی کو لندن کی ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، جہاں انہوں نے معروف برطانوی اخبار دی سن کے خلاف جھوٹا مضمون شائع کرنے پر مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔

جونی ڈیپ نے اپریل 2018 میں برطانوی اخبار ‘دی سن‘ کے خلاف جھوٹا مضمون لکھنے پر لندن کی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا تھا۔

’دی سن‘ نے اپنے مضمون میں جونی ڈیپ کو ’بیوی پر تشدد کرنے والا‘ شخص قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ کس طرح جونی ڈیپ نے اپنی اہلیہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

مضمون میں جہاں جونی ڈیپ کو بیوی پر تشدد کرنے والے شخص کے طور پر پیش کیا گیا، وہیں ان کی سابق اہلیہ امبر ہرڈ کو ایک مظلوم خاتون کے طور پر بھی پیش کیا گیا تھا۔

اخبار کی جانب سے مضمون شائع کیے جانے کے بعد جونی ڈیپ نے اخبار کے خلاف برطانوی عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے اخبار کے خلاف 2 لاکھ یورو ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کیا تھا اور اس کی متعدد سماعتیں ہوچکی ہیں۔