امریکا تبت کے حوالے سے چینی عہدیداروں کیلئے ویزا محدود کرے گا، پومپیو

274

امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ تبت کے معاملے پر متعدد چینی عہدیداروں کے لیے ویزا محدود کردیا جائے گا۔

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ‘چین نے امریکی سفارت کاروں، صحافیوں اور سیاحوں کو تبت کے خودمختار خطے اور تبت کے دیگر علاقوں میں سفر کرنے پر بندشیں عائد کررکھی ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اسی لیے امریکابھی چین کے متعدد عہدیداروں کے لیے ویزا محدود کرے گا’۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ‘پی آر سی حکومت اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ان عہدیداروں کو جو تبت کے علاقوں میں غیرملکیوں کی رسائی کے حوالے سے فیصلوں یا عمل درآمد میں ملوث اراکین پر ویزا محدود کرنے کا آج میں اعلان کررہا ہوں’۔

خیال رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان میڈیا کے معاملات پر حالیہ مہینوں میں کورونا وائرس اور ہانگ کانگ سمیت دیگر مسائل کے بعد کشیدگی شروع ہوئی تھی۔

چین نے امریکا کی جانب سے چینی میڈیا کے اداروں کو دیے گئے احکامات کے جواب میں یکم جولائی کو 4 امریکی اداروں کو بھی تفصیلات جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔

چین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ چین میں کام کرنے والے 4 امریکی میڈیا کے اداروں کو اپنی تفصیلات جمع کرنے کو کہا گیا ہے جو امریکا کے فیصلے کا ردعمل ہے۔