ممبئی: حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث دنیا سے گزر جانے والی بالی ووڈ کی معروف کوریو گرافر سروج خان نے ماضی میں دئیے گئے انٹرویو میں پاکستان کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں بتایا تھا۔
بالی ووڈ کی مشہور کوریوگرافر سروج خان حرکتِ قلب بند ہونے کی وجہ سے گزشتہ روز ممبئی کے مقامی اسپتال میں 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔ ڈانس ڈائریکٹر کی حیثیت سے انہوں نے تقریباً 40 سال تک بالی ووڈ فلم نگری پر حکمرانی کی اور بھارت میں ’’مادرِ رقص‘‘ (مدر آف کوریوگرافی) کا خطاب بھی اپنے نام کیا۔
ماضی میں دئیے گئے ایک انٹرویو میں سروج خان نے اپنے گھروالوں اور پاکستان کے ساتھ اپنا تعلق بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ہندوستان کی تقسیم کے قبل ان کا خاندان پاکستان میں آباد تھا۔ ان کے والد کشن چند سادھو سنگھ پنجابی اور والدہ نونی سندھی تھیں۔ ان کے والد کا پاکستان کے شہر کراچی میں کامیاب کاروبار تھا اور وہ ایک کامیاب بزنس مین تھے لیکن تقسیم ہند کے بعد ان کی فیملی پاکستان میں سب کچھ چھوڑ کر بھارت منتقل ہوگئی۔ سروج خان نے بتایا کہ وہ بھارت میں ہی پیدا ہوئی تھیں۔ سروج خان کا اصل نام نرملا ناگ پال تھا۔