پاکستانی سمیت 37 کمپنیاں امریکا کی تجارتی بلیک لسٹ میں شامل

117

میزائل اور جوہری سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں امریکی تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کیے گئے 14 اداروں کی فہرست میں متعدد پاکستانی کمپنیوں کو شامل کرلیا گیا۔امریکی محکمہ تجارت کے بیورو آف انڈسٹری اینڈ سیکیورٹی (بی آئی ایس) نے روس کی فوجی اور/یا دفاعی صنعت میں تعاون، چین کی فوج کی جدت میں مدد کے علاوہ میانمار اور چین میں انسانی حقوق کے استحصال میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر 37 اداروں کو اپنی بلیک لسٹ میں شامل کیا۔اس فہرست میں ’بیلسٹک میزائل اور غیر محفوظ جوہری سرگرمیوں‘ کے عنوان سے ایک علیحدہ زمرہ موجود ہے۔اس حوالے سے ایک بیان میں کہا گیا کہ چین اور پاکستان کی 14 کمپنیوں کو قابل تشویش بیلسٹک میزائل پروگرام میں تعاون بشمول پاکستان کے میزائل پروگرام اور غیر محفوظ جوہری سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر فہرست میں شامل کیا گیا۔فہرست میں شامل کی گئی کمپنیوں کی شناخت نہیں دی گئی لیکن وہ ایک ایسی ویب سائٹ سے منسلک ہے جو کھلتی نہیں ہے اور بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ یہ عوام کے لیے دستیاب نہیں ہے۔امریکی نائب وزیر تجارت ڈان گریوز نے فہرست کے اجرا کے ساتھ جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ہم نے (جوہری سرگرمیاں) پھیلانے والوں کے خلاف، روس اور چین کی فوجی جدت کے معاملے میں فوجی جارحیت کی مخالفت کرنے اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کام کیا۔